ہفتہ, 15 مارچ , 2025

ملک کو دہشت گردی کا سامنا ہے، ہمیں متحد ہونا چاہیے، بیرسٹر گوہر علی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملک کو دہشت گردی کے سنگین چیلنج کا سامنا ہے، اس نازک صورتحال میں ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، امید ہے کہ اس دہشت گردی کے واقعے کے بعد تمام سیاسی جماعتیں ایک صفحے پر آئیں گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے سانحہ جعفر ایکسپریس کی سخت الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، جو ایک انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ واقعہ ہے۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ بولان میں ہماری سیکیورٹی فورسز کے 4 جوان اور 20 مسافر شہید ہوئے، جن کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاک فوج دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دے رہی ہے اور سیکیورٹی فورسز نے اس آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جب ہم پوائنٹ آف آرڈر کی درخواست کرتے ہیں تو اکثر اسے تسلیم نہیں کیا جاتا، اور اگر موقع مل بھی جائے تو وقت محدود کر دیا جاتا ہے، پارلیمنٹ میں ہماری آواز کو دبایا نہیں جانا چاہیے، آئین میں بھی درج ہے کہ 130 دن تک سیشن ہونا چاہیے، لیکن پچھلی بار بھی سیشن صرف 89 دن تک جاری رہا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب بھی کوئی نیا بل یا قانون پیش کیا جاتا ہے، اس پر تفصیلی بحث ہونی چاہیے، صدر مملکت نے دوسری بار خطاب کیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ قواعد و ضوابط کی پاسداری کی جائے تاکہ ایوان کی ساکھ برقرار رہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے زور دیا کہ ہمیں ماضی کی تلخیوں کو پسِ پشت ڈال کر آگے بڑھنا ہوگا، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تبصرہ کیا کہ میں نے ماضی کو بھلانے کی بہت کوشش کی، لیکن آپ لوگ بھولنے نہیں دیتے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter