پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کو 15 اپریل تک درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس اورنگزیب پر مشتمل بینچ نے اعظم سواتی کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کو پہلے بھی تفصیلات فراہم کی جاچکی ہیں۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا اب تفصیلات فراہم نہیں کی جائیں گی؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ تفصیلات دی جائیں گی، تاہم یہ درخواست گزار پہلے بھی آچکے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو نوٹس جاری کیا گیا تھا، آپ کو چاہیے تھا کہ آج رپورٹ پیش کرتے۔ عدالت نے حکام کو وقت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر مقدمات کی تفصیلات جمع کرائی جائیں۔
بعدازاں، پشاور ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 15 اپریل تک ملتوی کر دی۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورکے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں،جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس کی سماعت کی، تاہم علی امین گنڈاپور اور ان کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے۔