کراچی، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہماری عزت اور فخر ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ملک اور پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں سے ہوشیار رہنا چاہیے۔ جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سب سے پہلے فوج پہنچ کر صورت حال کو سنبھالا، اور ہر مشکل گھڑی میں فوج ہمیشہ قوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ دشمن ہماری سرحدوں کی طرف آنکھ اٹھانے کی جرات نہیں کر سکتا۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے دور میں کوئی بڑا کام نہیں کیا، کیا ان کے دور میں کوئی یونیورسٹی قائم ہوئی؟
انہوں نے کہا کہ جب میں عوام کے حقوق کی بات کرتا ہوں تو کہا جاتا ہے کہ یہ گورنر کے اختیارات میں نہیں آتا، اگر اختیارات محدود بھی ہوں تب بھی ہم نے 50 ہزار بچوں کو تعلیم دی، اور اگر مکمل اختیارات ملے تو ہر شہری کو اپنا گھر اور روزگار فراہم کریں گے۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن کے دوران پی ٹی آئی اور بھارتی میڈیا نے یکساں بیانیہ اختیار کیے رکھا۔
اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے ملک کو ایک بڑے سانحے سے بچاتے ہوئے 33 دہشتگردوں کو ہلاک کیا اور جعفر ایکسپریس کے تمام یرغمالیوں کو بحفاظت رہا کرایا۔