ہفتہ, 15 مارچ , 2025

جعفر ایکسپریس حملہ: پاکستان کا افغانستان سے ملوث کرداروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے افغان حکومت سے باضابطہ مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد: پاکستان نے جعفر ایکسپریس حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے افغان حکومت سے باضابطہ مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ حملہ ملک سے باہر موجود دہشت گردوں کی سازش کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اس حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کرے اور پاکستان کے ساتھ تعاون یقینی بنائے۔

latest urdu news

ترجمان نے بھارت کی جانب سے دو کشمیری تنظیموں کو غیر قانونی قرار دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں فوری طور پر ہٹانی چاہئیں۔ بھارتی حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی اور جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کو پانچ سال کے لیے غیر قانونی قرار دیا ہے، جس سے کالعدم کشمیری تنظیموں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ اقدام بھارت کے جابرانہ رویے کو ظاہر کرتا ہے۔

امریکا کی جانب سے پاکستان پر ممکنہ سفری پابندیوں کے حوالے سے شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے میڈیا میں گردش کرنے والی رپورٹس محض قیاس آرائیاں ہیں۔ پاکستان کا سفارتخانہ امریکی حکام سے رابطے میں ہے اور اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

جعفر ایکسپریس حملہ: آپریشن مکمل، 21 افراد شہید، تمام دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

ترجمان نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے امداد روکنے کے اقدام کی بھی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا اور فلسطینی عوام کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ان کی فلسطینی وزیر اعظم، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور ترکیہ کے وزیر خارجہ سمیت دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن میں مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter