ہفتہ, 15 مارچ , 2025

جعفر ایکسپریس حملے کے پیچھے ’را‘ کا ہاتھ ہے،سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

نیو یارک، امریکا میں سکھوں کی بین الاقوامی تنظیم "سکھ فار جسٹس” نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔

سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں ٹرین پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے، عالمی ادارے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور ’را‘ کے خلاف کارروائی کریں۔

latest urdu news

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف خفیہ جنگی منصوبے پر عمل کر رہا ہے، مودی کی حکومت نہ صرف علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ ایک دہشت گردانہ پالیسی پر گامزن ہے، جو بین الاقوامی سطح پر بھی جبر و تشدد میں مصروف ہے۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ٹرین حملہ بھارت کی جارحانہ پالیسی کا واضح ثبوت ہے، بھارت خفیہ کارروائیوں کے ذریعے اپنے پڑوسی ممالک کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، اور بیرون ملک اپنے مخالفین کے خلاف اقدامات، انتہا پسندی اور سرحد پار دہشت گردی میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے بھارت کو ریاستی پشت پناہی میں دہشت گردی کا مرکز بنا دیا ہے، ’را‘ کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں جنوبی ایشیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں اور عالمی سطح پر ایک خطرناک مثال قائم کر رہی ہیں۔

رہنما سکھ فار جسٹس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے انٹیلی جنس نیٹ ورک پر سفارتی اور سیکیورٹی پابندیاں عائد کی جائیں، دنیا مزید بھارت کی خفیہ دہشت گردانہ سرگرمیوں سے نظریں نہیں چرا سکتی۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے انتباہ کیا کہ اگر بھارت کو روکا نہ گیا تو مستقبل میں مزید بڑے حملے ہو سکتے ہیں، جن میں بے گناہ جانوں کا نقصان ہوگا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter