ہفتہ, 15 مارچ , 2025

گجرات: ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کا رمضان سہولت بازار کا دورہ، نرخوں اور معیار کا جائزہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کا رمضان سہولت بازار کا دورہ، اشیائے ضروریہ کے نرخوں اور معیار کا جائزہ لیا۔

گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب اشیائے خوردونوش کے نرخوں، معیار اور سپلائی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف اسٹالز پر جا کر آٹے، چینی، دالوں، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کو چیک کیا۔

latest urdu news

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار میں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے بازار میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے فیئر پرائس شاپس، سبسڈائزڈ اشیاء اور دیگر سہولیات کے بارے میں متعلقہ حکام سے بریفنگ لی۔

ڈپٹی کمشنر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر رمضان سہولت بازاروں میں عوام کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ تمام اشیاء سرکاری نرخوں پر دستیاب ہیں اور سخت مانیٹرنگ کے ذریعے گراں فروشی کو روکا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یکم مارچ سے 12 مارچ تک ضلع بھر میں 18,928 انسپکشنز کی گئیں، جن میں 66 مقدمات درج، 45 افراد گرفتار اور گراں فروشی و ذخیرہ اندوزی پر 22 لاکھ 19 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس دوران 5,210 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، جبکہ 403 افراد کو موقع پر جرمانہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا معائنہ کریں اور عوام کو کسی بھی قسم کی زیادتی سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری کارروائی کریں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کہیں بھی گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی کی شکایت ہو تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو مطلع کریں تاکہ سخت ایکشن لیا جا سکے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter