ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے سروس موڑ پر قائم ریہڑی بازار کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔
گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے سروس موڑ پر قائم ریہڑی بازار کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف اسٹالز پر جا کر اشیاء کی کوالٹی، نرخ ناموں کی دستیابی اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خریداروں سے بات چیت کی اور ان سے اشیاء کی قیمتوں، معیار اور بازار کی سہولتوں کے بارے میں رائے لی۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام اشیاء سرکاری نرخوں پر مہیا کی جائیں اور کسی بھی دکاندار کو گراں فروشی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا معائنہ کریں اور جو دکاندار مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرے، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ یکم سے 12 مارچ کے دوران 18,928 انسپکشنز کی گئیں، 66 مقدمات درج کیے گئے، 45 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 22 لاکھ 19 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس دوران 5,210 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، جبکہ 403 افراد کو موقع پر جرمانہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے واضح کیا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔