سرگودھا میں اولاد نہ ہونے پر ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں شوہر نے پہلی بیوی کے ساتھ مل کر اپنی دوسری بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق، غریب خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی جب ایک محنت کش کی نوبیاہتا بیٹی کو اس کے بے رحم شوہر نے اولاد نہ ہونے کا طعنہ دے کر قتل کر دیا، اور اس ظلم میں اس کی پہلی بیوی بھی شریک تھی۔
گزشتہ سال قصبہ حسین شاہ کے رہائشی ناظم نے اپنی 18 سالہ بیٹی عائشہ کی شادی ساہیوال کے رہائشی شاہد سے کرائی تھی۔ شاہد کی یہ دوسری شادی تھی، کیونکہ پہلی بیوی شمائلہ سے اسے 12 سال تک اولاد نہ ہوئی، دوسری شادی کو ابھی ایک سال بھی مکمل نہیں ہوا تھا کہ شاہد نے عائشہ کو محض اولاد نہ ہونے کی بنیاد پر اپنی پہلی بیوی کی مدد سے پھانسی دے کر مار ڈالا۔
غم سے نڈھال مقتولہ کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔
پولیس کے مطابق، واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔