معاون خصوصی سلمیٰ بٹ کا رمضان سہولت بازار گجرات کا دورہ، قیمتوں اور انتظامات کا معائنہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول و کموڈٹیز مینجمنٹ سلمیٰ بٹ نے رمضان سہولت بازار گجرات کا دورہ کیا۔

گجرات: معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول و کموڈٹیز مینجمنٹ سلمیٰ بٹ نے رمضان سہولت بازار گجرات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، معیار اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک، اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

latest urdu news

معاون خصوصی کو رمضان سہولت بازار میں خصوصی انتظامات، سبسڈی پر فراہم کی جانے والی اشیاء اور قیمتوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہیں آگاہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آٹا، چینی، گھی، دالیں، سبزیاں اور پھل رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔

سلمیٰ بٹ نے مختلف اسٹالز کا دورہ کرتے ہوئے اشیائے خورد و نوش کے نرخوں اور معیار کا جائزہ لیا اور شہریوں سے سہولت بازار کے بارے میں رائے لی۔ شہریوں نے پنجاب حکومت کی سبسڈی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامات کو سراہا۔

اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قیمتوں کو سرکاری نرخنامے کے مطابق یقینی بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔

یکم تا 7 رمضان پرائس کنٹرول کی سرگرمیاں، ضلعی انتظامیہ کی موثر کارروائیاں

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے رمضان نگہبان پیکج 2025 کے تحت مستحق افراد کو 10 ہزار روپے کی نقد رقم کے پے آرڈرز ان کے گھروں تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ رمضان پیکج کے تحت امداد کی تقسیم شفاف اور بلاتعطل جاری رکھی جائے تاکہ ہر مستحق شہری کو اس سہولت کا فائدہ ملے۔

سلمیٰ بٹ نے سہولت بازار کے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے مزید اقدامات کیے جائیں اور اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter