لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی ایک سالہ کارکردگی سے عوام کی بڑی تعداد کو متاثر کیا۔
انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپینین ریسرچ کے سروے کے مطابق، پنجاب کے 36 اضلاع میں شہری اور دیہی علاقوں کے عوام سے 3 سے 18 فروری کے دوران رائے لی گئی۔
سروے کے نتائج کے مطابق، عوامی خدمت اور مسائل کے حل کے حوالے سے مریم نواز کی کارکردگی کو "نمایاں” قرار دیا گیا۔ تعلیم اور صحت کے شعبے میں 73 فیصد شہریوں نے حکومت کے اقدامات کو مثبت جبکہ 68 فیصد نے "بہت اچھا” قرار دیا۔
تاہم، روزگار کی فراہمی کے حوالے سے 63 فیصد شہریوں نے حکومتی کارکردگی کو "خراب” یا "بہت خراب” کہا۔ دوسری جانب، 57 فیصد عوام کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں حکومتی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔
سروے کے مطابق، 17 فیصد شہریوں نے حکومتی کارکردگی کو غیر تسلی بخش کہا، جبکہ 57 فیصد نے مؤثر طرز حکمرانی کو سراہا، 60 فیصد شہریوں کو یقین ہے کہ مریم نواز کی کارکردگی نے دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
53 فیصد عوام کی رائے میں، پی ٹی آئی حکومت کے مقابلے میں مریم نواز کے دور میں عوامی خدمت کا معیار بہتر ہوا۔ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور "ستھرا پنجاب” مہم کو سب سے زیادہ کامیاب اقدامات قرار دیا گیا۔
سروے کے مطابق، تعلیم کے شعبے میں 15 فیصد، صحت میں 14 فیصد، سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر میں 11 فیصد اور صفائی کے نظام میں 11 فیصد بہتری آئی، 13 فیصد عوام نے روزگار اور صحت کے شعبے پر مزید توجہ دینے کا مطالبہ کیا، جبکہ 12 فیصد شہریوں نے مہنگائی پر قابو پانے کو ترجیحی مسئلہ قرار دیا۔