گجرات: پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ گجرات کے زیر اہتمام ابن میر ایسوسی ایٹ ڈگری کالج برائے خواتین جلالپور جٹاں میں عالمی یوم خواتین کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عمر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے بغیر کسی بھی معاشرے میں تعلیم اور صحت کا تصور نامکمل ہے، کیونکہ عورت ہی پہلی درس گاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین ماں، بیوی، بہن اور بیٹی کے روپ میں اللہ تعالیٰ کا خوبصورت تحفہ ہیں، لیکن بدقسمتی سے آج بھی کئی خواتین گھریلو تشدد کا شکار ہیں۔ ملکی معاشی استحکام اور ترقی کے لیے خواتین کے کردار کو تسلیم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز گجرات ڈاکٹر طاہر عزیز نے کہا کہ خواتین کی تعلیمی کامیابی معاشرتی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ قرآن و سنت اور اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزاریں تاکہ ان کے والدین ان پر فخر محسوس کریں۔
اس موقع پر کالج کی پرنسپل، تدریسی عملے اور طالبات نے بھی بھرپور شرکت کی۔ آگاہی واک میں خواتین کے حقوق، تعلیم اور خودمختاری کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے پر زور دیا گیا