دبئی، نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے بھی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کو ملنے والے ممکنہ فائدے پر اپنی رائے کا اظہار کر دیا۔
دبئی پہنچنے پر مچل سینٹنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے، جس کی بدولت وہ ان پچز اور کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہے۔ ان کے مطابق، پچز کی نوعیت سے واضح ہو جاتا ہے کہ کھیلنے کی حکمتِ عملی کیا ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کی پچز کے مقابلے میں دبئی کی پچ تھوڑی سست ہو سکتی ہے، تاہم وہ ایک مضبوط ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں اور امید ہے کہ اس بار پہلے سے زیادہ رنز اسکور کریں گے۔
مچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ ٹیم حالیہ میچز میں اچھا اسکور کر کے آ رہی ہے اور وہ توقع رکھتے ہیں کہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رہے گا۔
ان کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں اکثر ٹیموں کو مختلف مقامات پر کھیلنا پڑا، جو کہ ایک چیلنج تھا، لیکن کھلاڑی صورتحال کو سمجھنے میں کامیاب رہے۔
کیوی کپتان نے مزید کہا کہ جب تک کھلاڑی خود کو میچ کے لیے تیار رکھتے ہیں، سب کچھ بہتر رہتا ہے۔ انہوں نے لاہور میں سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کے خلاف اچھے مقابلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ناک آؤٹ مرحلے میں مضبوط حریف کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے فائنل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کن معرکہ ہمیشہ مختلف نوعیت کا ہوتا ہے، جس سے کھلاڑی بخوبی واقف ہیں۔ گروپ میچ میں بھارت کے خلاف جو کارکردگی رہی، اس سے بہتر کھیلنے کی کوشش کریں گے۔