صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری/ اوقاف و مذہبی امور پنجاب چوہدری شافع حسین نے رمضان سہولت بازار گجرات کا دورہ کیا۔
گجرات: صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و سرمایہ کاری/ اوقاف و مذہبی امور پنجاب چوہدری شافع حسین نے رمضان سہولت بازار گجرات کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے صوبائی وزیر کو سہولت بازار میں فراہم کی جانے والی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور عوامی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں، جہاں آٹا، چینی، گھی، سبزیاں، پھل، دالیں اور دیگر اشیائے خور و نوش سبسڈی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے بازار میں مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور اشیائے خورونوش کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں رائے لی۔ شہریوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے سبسڈی پر ملنے والی اشیاء پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے اس اقدام کو سراہا۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی کا ڈپٹی کمشنر گجرات کے ہمراہ ریڑھی بازار کا دورہ، قیمتوں اور سہولیات کا جائزہ
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور خصوصی اسکواڈز روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
چوہدری شافع حسین نے سہولت بازار میں کیے گئے بہترین انتظامات کو سراہا اور ہدایت دی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، جبکہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔