مغربی ہواؤں کے نئے سسٹمم کے اثرات کے تحت شہر قائد میں سردی کی جزوی واپسی ہوگئی۔
کراچی: مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے باعث کراچی میں سردی کی جزوی واپسی ہوگئی، بدھ کے روز درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ کم سے کم درجہ حرارت 7.3 ڈگری کمی کے ساتھ 13.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم مارچ میں سردی کا سابقہ ریکارڈ برقرار رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے بدھ کو درجہ حرارت کو مزید کم کردیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں درج کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق:
- جناح ٹرمینل: 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ
- گلستانِ جوہر: 13.2 ڈگری سینٹی گریڈ
- شاہراہِ فیصل: 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ
- بن قاسم ٹاؤن: 13.6 ڈگری سینٹی گریڈ
- ماڑی پور: سب سے کم 10 ڈگری سینٹی گریڈ
محکمہ موسمیات کے مطابق اس مختصر اور جزوی سردی کی لہر کے دوران کراچی میں کم از کم درجہ حرارت کا ریکارڈ نہیں ٹوٹا۔ شہر میں سب سے کم درجہ حرارت 3 مارچ 1979 کو 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ مارچ 2024 میں سب سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ دو روز، یعنی جمعرات اور جمعے کو، کراچی کا موسم نسبتاً گرم رہنے کا امکان ہے۔