وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کی تیاری مکمل کر لی گئی۔
اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مربوط حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق، ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے اسلام آباد میں موجود تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر کیے جائیں گے تاکہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے کی مدد سے بھاری مشینری کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ کارروائی مؤثر ہو اور تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہوں۔
ڈی سی اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ تجاوزات نہ صرف عوامی مقامات کو متاثر کر رہی ہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی پر بھی منفی اثر ڈال رہی ہیں، اس لیے ان کے خاتمے میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ آپریشن کے دوران قانون کی مکمل عملداری کو یقینی بنایا جائے اور مزاحمت کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے۔
5 سال میں پانچ لاکھ گھر بنانے کا ہدف پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں: مریم نواز
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس کریک ڈاؤن کا مقصد اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ تجاوزات کے باعث سڑکوں، فٹ پاتھوں اور دیگر عوامی مقامات پر پیدل چلنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کا مستقل حل نکالنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات کے خاتمے میں تعاون کریں اور سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے سے گریز کریں، بصورتِ دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔