ہفتہ, 15 مارچ , 2025

وزیراعلیٰ پنجاب کا "نگہبان رمضان پیکج”، مستحق خاندانوں میں 10 ہزار روپے کی مالی امداد کی تقسیم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر “نگہبان رمضان پیکج 2025” کے تحت مستحق خاندانوں کو گھروں کی دہلیز پر 10 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

گجرات: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر "نگہبان رمضان پیکج 2025” کے تحت مستحق خاندانوں کو گھروں کی دہلیز پر 10 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکومت پنجاب نے اس فلاحی منصوبے کے لیے 31 ارب روپے مختص کیے ہیں تاکہ رمضان المبارک کے دوران ضرورت مند افراد کو براہ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

latest urdu news

ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور مستحق افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گجرات، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گونال، اور اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر فاروق اعظم نے بھی اپنی تحصیلوں میں امداد کی فراہمی کی نگرانی کی اور مستحقین میں پے آرڈر تقسیم کیے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ امدادی رقم کی ترسیل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے اور کسی قسم کی بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اس فلاحی اقدام کو مؤثر بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا نظام نافذ کر چکی ہے۔

مستحق خاندانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں یہ مالی امداد کسی نعمت سے کم نہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومتی ہدایات کے مطابق ہر حقدار کو اس کا حق پہنچایا جائے گا اور کسی کو محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter