لاہور، سوتیلے باپ کو فائرنگ کر کے بیدردی سے قتل کرنے والے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عتیق نے 3 روز قبل شاہدرہ ٹاؤن میں واقع گھر میں موجود سوتیلے باپ کو قتل کیا تھا، ملزم نے گھریلو ناچاقی اور جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس پر فوری ٹیم تشکیل دی گئی، ایس پی سٹی قاضی علی رضا کی سربراہی میں ٹیم نے ملزم کی تلاش شروع کی۔
اے ایس پی شاہدرہ عثمان عزیز میر اور ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن پر مشتمل ٹیم نے قاتل کو گرفتار کیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے فزیکلی ریڈ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین ریسورس سے مدد حاصل کی گئی، ایس پی سٹی نے قتل کی واردات کے ملزم کی 2 روز میں گرفتاری پر ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن اور ٹیم کو شاباش دی۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں سابق صوبائی وزیر مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر جمشید اقبال چیمہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملے اور جلاؤ گھیراؤ سمیت 8 مقدمات کی سماعت کی، جن میں مسرت جمشید چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ نامزد ہیں۔