اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیان آج ہونیوالی ملاقات منسوخ ہوگئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مصروفیات کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آنے کا پروگرام موخر کیا جس کے باعث ملاقات منسوخ کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک سے 2 روز میں بلاول بھٹو زرداری کے اسلام آباد آنے پر ملاقات کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے آج اسلام آباد میں ملاقات طے تھی، ملاقات کے دوران حکومت کے انتظامی معاملات زیر بحث آنا تھے اور بلاول بھٹو کی جانب سے حکومت سے معاہدوں پر پارٹی تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے جانا تھے۔
اس موقع پر پنجاب میں ترقیاتی فنڈز کی عدم فراہمی سمیت اہم معاملات بھی زیر بحث آنا تھے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا میں 1سال کی کارکردگی دیگر صوبائی حکومتوں پر سبقت لے گئی ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی کارکردگی مریم نواز کی طرح محض تصویری نمائش تک محدود نہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے مریم نواز کی 150 تصاویر کے مقابلے میں 625 ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے۔