ہفتہ, 15 مارچ , 2025

پیٹرولیم ڈیلرز سندھ نے بھی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کردی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سندھ نے بھی ڈی ریگولیشن کے خلاف 4 مارچ کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد: آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سندھ نے ڈی ریگولیشن کے خلاف 4 مارچ کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سندھ کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن رضا عباس نے مرکزی رہنما نعمان بٹ اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔

latest urdu news

رضا عباس نے کہا کہ 4 مارچ سے شروع ہونے والی ملک گیر ہڑتال غیر معینہ مدت کے لیے ہوگی اور یہ حکومت کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ ان کے مطابق، ڈی ریگولیشن کا فیصلہ چند مخصوص آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے اور چھوٹے ڈیلرز کو مالی بحران میں دھکیلنے کی سازش ہے، جس کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔

نعمان بٹ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ڈی ریگولیشن سے پیٹرولیم سیکٹر چند بڑے کاروباری گروپس کے ہاتھوں یرغمال بن جائے گا اور عام صارفین براہ راست متاثر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت پیٹرولیم نے ڈی ریگولیشن کے فارمولے پر 15 ہزار پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا، اور ڈیلرز کو اس منصوبے کے تفصیلات سے لاعلم رکھا جا رہا ہے۔

کے پی میں سرکاری ملازمین کو رہائشی یونٹ فراہم کرنے فیصلہ

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی ریگولیشن کے بعد معیاری پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی مشکل ہو جائے گی۔ وزیر پیٹرولیم مقامی ریفائنریز کو 5 فیصد ایتھانول شامل کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں، لیکن ان ریفائنریز کے پاس اس کے ساتھ معیاری پیٹرول تیار کرنے کی صلاحیت موجود نہیں۔ اس فیصلے کے نتیجے میں ملک میں پیٹرول کا معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس سے گاڑیوں کے انجن بھی خراب ہو سکتے ہیں۔

آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ 4 مارچ کو کراچی اور سندھ کے تمام پیٹرول پمپ بند کر دیے جائیں گے، اور اگر حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ہڑتال غیر معینہ مدت کے لیے جاری رہے گی۔ عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ متوقع ہڑتال کے پیش نظر جلد از جلد پیٹرول کا انتظام کر لیں، کیونکہ ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter