میپکو میں 152 ملازمین اووربلنگ میں ملوث نکلے، ملوث ملازمین اور افسران کو محض وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ چھ بجلی کمپنیوں نے عوام سے 21 ارب روپے اضافی وصول کیے، جبکہ اووربلنگ میں ملوث افسران اور ملازمین کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہیں کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ میپکو میں 152 ملازمین اووربلنگ میں ملوث پائے گئے، لیکن انہیں صرف وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔ رکن کمیٹی حنا ربانی کھر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کمپنیاں غریب عوام سے اووربلنگ کے ذریعے اضافی پیسے بٹور رہی ہیں، یہاں تک کہ کچھ لوگوں پر 50 ہزار روپے تک کے اضافی بل ڈالے گئے۔
چیئرمین پی اے سی جنید اکبر خان نے سوال اٹھایا کہ اووربلنگ کے ذمہ دار ایکس ای این اور ایس ڈی او جیسے افسران پر کیا کارروائی ہوئی؟ سی ای او گیپکو نے مؤقف اپنایا کہ انسانی غلطی کی وجہ سے بعض اوقات اووربلنگ ہو جاتی ہے، لیکن کمیٹی اراکین نے اس جواز کو مسترد کر دیا۔
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں کے ٹرائل پر سماعت، باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا تذکرہ
رکن بلال احمد نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ میٹر ریڈر اووربلنگ کرے اور اسے چھوڑ دیا جائے؟ پی اے سی نے معاملے کی مکمل تحقیقات اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔