گجرات: ہارس اینڈ کیٹل شو کے تحت کبڈی فائنل میچ اور شیر پنجاب دنگل کا انعقاد جیلانی پارک میں ہوا، جس میں پاکستان واپڈا نے فائنل جیت لیا۔
تقریب میں چوہدری شافع حسین، صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ، صوبائی وزیر آبپاشی کاظم پیرزادہ، اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری رانا محمد سرور سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
چوہدری شافع حسین نے اعلان کیا کہ اپریل میں سہ ملکی کبڈی ٹورنامنٹ منعقد ہوگا، جس میں پاکستان، بھارت اور ایران کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس سرگرمیوں کو سفارشی کلچر سے پاک کیا جائے گا اور کبڈی کے مزید ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں گے۔
وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے اس ایونٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام دھرنا سیاست سے تنگ آ چکے ہیں اور ایسے ایونٹس سے ثقافتی و سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
تقریب کے دوران جیتنے والی ٹیموں میں 16 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے، دستار بندی کی گئی اور معزز مہمانوں کو پی ایچ اے کی جانب سے یادگاری سوینئر بھی دیے گئے۔