لاہور، سوشل میڈیا پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے معاملے پر پولیس کی جانب سے مختلف ملزمان کے خلاف 3 مقدمات درج کرلیے گئے۔
پولیس کی جانب سے درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق مقدمات میں پیکا ایکٹ سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں، ملزمان نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے وزیراعلی پنجاب کی جعلی ویڈیوز بنائیں۔
ایف آئی آر کے مطابق سوشل میڈیا پر ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو پروموٹ کرنے کے لیے ویڈیوز بنائی گئیں۔
پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ مخصوص جماعت نے جعلی ویڈیوز بناکر انتشار پھیلانے کی سازش کی۔
لاہور پولیس کی جانب سے تھانہ شاہدرہ، شاہدرہ ٹاؤن اور کوٹ لکھپت میں مختلف مقدمات کا اندراج کیاگیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع بار کھان میں بس سے اتار کر 7 مسافروں کو قتل کرنے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق بارکھان کے علاقے رڑکن میں گزشتہ شب کوئٹہ سے فیصل آباد جانے والے مسافر بس کو دہشت گردوں نے روک کر 7 مسافروں کو شناختی کارڈ دیکھ کر اتار کر قتل کردیا تھا۔