وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر سالانہ ریونیو ہدف پورا کیا جائے گا۔
اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر سالانہ ریونیو ہدف حاصل کیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ ٹیکس ریونیو درست سمت میں جا رہا ہے اور آئندہ 3 سے 5 سال میں برآمدات کو 30 ارب سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔ انہوں نے چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈ جاری کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 سے 14 ماہ میں معیشت کی بہتری کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، اور حکومت نے مہنگائی اور شرح سود میں کمی کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔
وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کیا ہے، نجکاری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا، اور سرکاری اداروں میں اصلاحات جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کر کے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ سرکاری اداروں کے نقصانات کم کرنے کے لیے رائٹ سائزنگ کی جا رہی ہے، جس سے حکومتی اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پائیدار اور مستحکم اقتصادی ترقی چاہتے ہیں اور اسی لیے معاشی استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔