بیرون ملک جانے والے مسافر کے پیٹ سے 98 آئس بھرے کیپسول برآمد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق مجموعی طور پر 9 مختلف کارروائیوں کے دوران 94 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 75.750 کلو گرام منشیات برآمد کی گئی۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران دوحہ جانے والے ایک مسافر کو روکا گیا، جس کے جسم کی اسکیننگ کے دوران انکشاف ہوا کہ اس کے پیٹ میں 98 آئس بھرے کیپسول موجود ہیں۔ ماہرین کی نگرانی میں اسے طبی امداد فراہم کر کے کیپسول نکلوائے گئے اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

دوسری جانب، حطار روڈ ہری پور میں کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 200 گرام چرس برآمد ہوئی۔ تفتیش کے دوران ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔

سپر ہائی وے کراچی کے قریب اے این ایف نے ایک ملزم کے سامان کی تلاشی لی، جس میں بڑی مہارت سے چھپائی گئی 54 کلو چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح، فیصل آباد روڈ جھنگ کے قریب ایک اور کارروائی میں 10.8 کلو چرس قبضے میں لے لی گئی اور متعلقہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

15 سالہ لڑکی کی 60 سالہ شخص سے شادی، دلہا سمیت 10 افراد زیرِ حراست

اسلام آباد میں کھنہ پل کے قریب ایک مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی گئی، جہاں سے 6 کلو چرس برآمد ہوئی، جبکہ گاڑی میں موجود دو افراد کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ اسی طرح، بلوچستان کے علاقے پسنی میں اے این ایف نے ایک گاڑی کو روکا، جہاں سے 6 کلو آئس برآمد ہوئی اور 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

جہلم کے جڑا روڈ پر ہونے والی کارروائی میں دو ملزمان سے 2.4 کلو چرس اور 1 کلو آئس برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ، ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب ایک مسافر بس میں سوار خاتون کو مشکوک جان کر چیک کیا گیا، جس کے سامان سے 2.4 کلو چرس برآمد ہوئی۔

مزید برآں، کہوٹہ روڈ اسلام آباد پر ایک موٹرسائیکل سوار کی تلاشی کے دوران بھی 2.4 کلو چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ منشیات کے اس نیٹ ورک کے مزید افراد کو گرفتار کیا جا سکے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter