ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
کراچی، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے حوالہ ہنڈی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیاگیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کراچی میں طارق روڈ پر جیولرز شاپ سے 35 ہزار امریکی ڈالر اور 60 لاکھ روپے برآمد کیے گئے جب کہ ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا جس پر حوالہ ہنڈی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے نعمان صدیقی کے مطابق کارروائی ایف آئی اے کے کوآپریٹ کرائم سرکل کے عملے نے کی، اس دوران حوالہ ہنڈی کے شواہد اور موبائل فون سے بھی ریکارڈ برآمد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب نوجوان مصطفیٰ عامر کو اغوا کے بعد قتل کرنیوالا ملزم ارمغان انسداد دہشتگردی عدالت میں بے ہوش ہوگیا۔
کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس سلسلے میں پولیس کی جانب سے ملزم ارمغان کو عدالت نمبر 2 میں پیش کیاگیا، تاہم سماعت کے دوران ملزم ارمغان عدالت میں بے ہوش ہوگیا۔