سیہون، تیز رفتار کوچ الٹنے سے 2 خواتین سمیت 4 مسافر جان کی بازی ہار گئے جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ افسوسناک حادثہ انڈس ہائی وے پر کھاسائی کے مقام پر سنگل روڈ ہونے اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے میں 2 خواتین سمیت 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک مسافر ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔
افسوسناک حادثے میں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ حادثے کا شکار ہونیوالی مسافر کوچ لاڑکانہ سے کراچی جارہی تھی۔
دوسری جانب ڈاکٹر آکاش انصاری کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، گرفتار لے پالک بیٹے لطیف آکاش نے والد کے قتل کا اعتراف کر لیا۔
ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی لنجار نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ملزم نے ڈاکٹر آکاش کو قتل کرنے کے بعد کمرے میں آگ لگادی تھی، قتل کی واردات کے تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔