راولپنڈی، رواں سیزن کے دوران بارشیں کم ہونے سے ملک خشک سالی کا شکار ہوگیا۔
رواں سیزن میں بارشوں کی کمی کے باعث ملک شدید خشک سالی کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں ڈیموں اور زیرِ زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ پانی کے بحران کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، خاص طور پر راولپنڈی میں زیرِ زمین پانی کا لیول 700 فٹ تک گر گیا، جس پر واسا نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
ماہرین کے مطابق، اگر فروری اور مارچ میں بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کی قلت مزید بڑھ جائے گی۔ محکمہ موسمیات پہلے ہی کم بارشوں کی پیشگوئی کر چکا ہے، جبکہ بھل صفائی کا دورانیہ طویل ہونے کی وجہ سے بھی پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔
پانی کی قلت کے اثرات زراعت پر بھی نمایاں ہو رہے ہیں، اور گندم کی پیداوار کم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بارانی اور نہری علاقوں میں صورتحال یکساں سنگین ہے، جبکہ فیصل آباد اور گردونواح میں کسانوں کو نہری پانی دستیاب نہ ہونے کے باعث سیوریج کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ اگر بارشیں نہ ہوئیں تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، جبکہ کسانوں نے حکومت سے پانی کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔