پشاور، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ریاست کی مخالفت کے باوجود قوم اور ہمارے بچوں کے مستقبل کیلئے مقابلہ کررہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کچھ وجوہات کی بنا پر پاکستان ویسی ترقی نہیں کرسکا جس طرح کی بنیاد رکھی گئی تھی، وہی قومیں اور ملک آگے بڑھتے ہیں جو انسانی حقوق کا خیال رکھتے ہیں، کامیاب وہی ہوتا ہے جو کسی اور کی کامیابی پر خوش ہو۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم کو ملا تو ان سے بات چیت کے دوران میں نے ان سے کہا دو چیزیں بیماری ہیں جن کو کوئی بیماری سمجھتا ہی نہیں، عدم تحفظ اور حسد کی وجہ سے بہت سے لوگ اپنے اندر تباہ ہورہے ہوتے ہیں علاج نہیں کراتے، کوئی کامیاب ہورہا ہے تو اس پر خوش ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم پوری ریاست کی مخالفت کے باوجود قوم اور ہمارے بچوں کیلئے مقابلہ کررہے ہیں، عمران خان کے وژن کے مطابق ہمارا ریونیو 55 فیصد بڑھ گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں ہر محکمے کی بہتری کیلئے کام کریں گے، ہم خیبرپختونخوا کے عوام کی بہتری کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امید ہے ترقی یافتہ ممالک کلائمیٹ فنانسنگ کا وعدہ پورا کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحیی نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کی کنٹری ٹیم کی جانب سے پاکستان میں جاری کام کو سراہا۔