بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیرون ملک روانگی سے قبل طیارے کو بم دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی پر سیکیورٹی پر مامور افسران کی دوڑیں لگ گئیں۔
ممبئی پولیس کو ایک دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی، جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے طیارے کو بم دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی، جس کے بعد سیکیورٹی ادارے حرکت میں آگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، کالر نے دعویٰ کیا کہ امریکی دہشت گردوں نے طیارے میں بم نصب کر دیا ہے اور مودی کو کوئی نہیں بچا سکتا۔ مزید یہ کہ اس گروہ نے 6 ماہ قبل امریکا میں ایک طیارے پر حملہ کیا تھا، جس میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ممبئی پولیس نے فوری طور پر سیکیورٹی ایجنسیوں کو مطلع کیا اور طیارے کو پرواز سے روک دیا گیا۔ مکمل سرچ آپریشن کے بعد جب کچھ مشکوک نہ ملا تو پرواز کو کلیئر کر دیا گیا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ دھمکی دینے والے شخص کے نمبر سے ماضی میں 1400 سے زائد کالز پولیس کو موصول ہو چکی ہیں۔ بعد میں پولیس نے کالر کو گرفتار کر لیا، اور پتہ چلا کہ اس کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ تاہم، مزید تفتیش مکمل ہونے تک ملزم کو حراست میں رکھا جائے گا۔