اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دی ہے کہ رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی قیادت جلد ہی ان کی رکنیت کے خاتمے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی، جس کے بعد ان سے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ بھی طلب کیا جائے گا۔
یہ اقدام شیر افضل مروت کے صوابی جلسے میں کردار پر پارٹی رہنماؤں کی شکایات کے بعد کیا گیا ہے۔ عمران خان کو پارٹی رہنماؤں نے آگاہ کیا تھا کہ مروت کے جلسے میں کردار سے پارٹی کی ساکھ متاثر ہوئی، جس پر بانی پی ٹی آئی نے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اور زوال کے سفر کو ترقی کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گیا ہے، جس سے معاشی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں، روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، گروتھ میں اضافہ ہو رہا ہے، اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔