پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اور زوال کے سفر کو ترقی کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گیا ہے، جس سے معاشی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں، روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، گروتھ میں اضافہ ہو رہا ہے، اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور مہنگائی میں کمی آ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو بحران میں دھکیلنے والے شخص نے اس کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی تھیں، مگر ہم نے پاکستان کی خاطر ہر قسم کی قربانیاں دیں اور آگے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ شہباز شریف کی محنت کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں، اور آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کی معاشی بحالی اور ترقی کی تصدیق کی ہے۔ پنجاب میں خوشحالی واپس لوٹ رہی ہے، اللہ ملک کو نظر بد سے محفوظ رکھے۔ مسلم لیگ (ن) نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہی عوام کی خدمت اور ریلیف فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اراکین اسمبلی نے اس موقع پر نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ سیاست سے پہلے ریاست کے مفادات کو مقدم رکھا۔ نواز شریف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی علامت ہیں، اور جب بھی ملک کے استحکام کی بات ہوتی ہے تو ان کا نام ہی سامنے آتا ہے۔ مریم نواز شریف جیسی محنتی اور مدبر وزیر اعلیٰ پنجاب کی خوش قسمتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری لانا ہی ہماری کامیابی ہے۔ نواز شریف پاکستان کی ترقی کا برانڈ ہیں، اور ہماری شناخت اور پہچان بھی نواز شریف ہیں۔