دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، 2 پولیس اہلکار شہید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بنوں میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر کے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ بنوں میں واقع پولیس چوکی فتح خیل پر رات گئے دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے، شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں میں ضیاء اللہ اور رحیم اللہ شامل ہیں۔

latest urdu news

حکام کے مطابق پولیس چوکی فتح خیل پر دہشت گردوں کا یہ تیسرا حملہ ہے۔

دوسری جانب فتح خیل پولیس چوکی حملہ میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ اقبال شہید لائن میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں آر پی او سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آر پی او نے کہا کہ ایسے حملوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، پولیس کے جوانوں کی قربانیاں لازوال ہیں۔

دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں پولیس چوکی پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا گیا جبکہ زخمی پولیس اہلکار کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے شہید دونوں اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، خیبرپختونخوا پولیس دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، پولیس کے بہادر سپوتوں نے جانیں دے کر تاریخ رقم کی ہے، خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter