راولپنڈی، شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کے دوران 3 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دتہ خیل میں 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب آپریشن کیا جس کے دوران 3 خوارج جہنم واصل ہوگئے، تینوں خوارج خواتین کا برقعہ پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونیوالے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جبکہ شرپسند دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ علاقے میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب صدر مسلم لیگ ن و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ معاشی بہتری اور مہنگائی میں کمی ملک و قوم کے لیے اچھے اشارے ہیں۔
لاہور میں صدر مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان پنجاب اسمبلی کی جانب سے ملاقات کی گئی، جس میں پاکستان کی مجموعی صورتحال، پنجاب میں جاری ترقیاتی عمل اور عوامی خدمت کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔