ویسے تو چور کسی بھی چیز کو چرا سکتے ہیں مگر کیا آپ نے سنا کہ کوئی ہزاروں انڈوں کو چرا کر لے گیا ہے؟
امریکا کی ریاست پنسلوانیا (Pennsylvania) کے علاقے فرینکلین کاؤنٹی میں چوروں نے ایک فارم کے ٹرک سے ایک لاکھ انڈے چرا لیے۔ مقامی حکام کے مطابق، چوری شدہ انڈوں کی مجموعی مالیت 40 ہزار ڈالرز کے قریب ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 1 کروڑ 10 لاکھ روپے بنتی ہے!
یہ چوری ایسے وقت میں ہوئی جب امریکا میں برڈ فلو کی وبا کے باعث مرغیوں کی تعداد میں شدید کمی واقع ہوئی، اور نتیجتاً انڈوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکا میں حالیہ مہینوں میں انڈے سونے کی طرح قیمتی ہوگئے ہیں، اور کچھ جگہوں پر ان کی قیمت دگنی سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔ ایسے میں چوروں نے قیمتی اشیاء کے بجائے انڈوں کو ہی ٹارگٹ بنا لیا۔
چوری شدہ انڈے ایک پولٹری فارم کے تھے، جس نے واقعے کی رپورٹ درج کرا دی ہے۔ فارم انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا:
"ہم اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور مقامی حکام کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔”
اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس چوروں کو پکڑ پاتی ہے یا نہیں، اور سب سے اہم سوال –
چور ان لاکھوں انڈوں کا کیا کریں گے؟