مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے بھی پیکا قانون کی مخالفت کر دی رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ حکومت کا پیکا قانون لانے کا طریقہ کار غلط ہے۔
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے پیکا قانون کے نفاذ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس قانون کو لانے کا طریقہ کار غلط ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں بات کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف کو تین بار مدت مکمل نہیں کرنے دی گئی، انہیں عدلیہ اور مارشل لا کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اپنی آئینی حدود میں رہ کر جدوجہد کرتے تھے، لیکن اب ملک میں عالمی سطح پر اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت بڑھ رہی ہے، اور موجودہ حکومت کے پاس سادہ اکثریت بھی نہیں ہے۔
میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تمام معاملات ایک پیج پر تھے اور اس دوران آئین و قانون کی کوئی حیثیت نہیں تھی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اب بھی پیکا قانون کے لانے کے طریقہ کار کو غلط سمجھتے ہیں۔