نئی دہلی، دولہے کی انوکھی حرکت پر دلہن والوں نے شادی منسوخ کر دی۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا، جہاں دولہے کو بالی ووڈ کے ایک مشہور ڈانس نمبر پر رقص کرنا مہنگا پڑ گیا۔
غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ دولہا بارات کے ساتھ دلہن کے گھر پہنچا جہاں اس کے دوستوں نے اسے ڈانس کرنے پر مجبور کیا، جب بالی ووڈ کا معروف ڈانس نمبر بجایا گیا تو وہ اپنے آپ کو روک نہ سکا۔
شادی کی تقریب میں موجود مہمان دولہے کا منفرد رقص دیکھ کر لطف اندوز ہوئے لیکن نوجوان کی یہ حرکت لڑکی والوں کو پسند نہ آئی۔
دلہن کے والد کی جانب سے غصے میں گانا بند کروا کر شادی منسوخ کرنے کا اعلان بھی کر دیا، جس سے ہر کوئی ہکا بکا رہ گیا جبکہ دولہے کے چہرے کے رنگ اڑ گئے، والد کا کہنا ہے کہ لڑکے کی یہ حرکت میرے خاندان کی توہین ہے۔
ایک طرف دلہن روتی رہی جبکہ دوسرے طرف دولہا اس کے والد کو سمجھاتا رہا کہ وہ ایسا لڑکا نہیں ہے، لیکن اس کی کوششیں رائیگاں گئیں۔
واقعے کی نیوز جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اس پر اپنی رائے کا اظہار کیا، ایک صارف نے لکھا کہ دلہا مہمانوں کی تفریح کیلئے رقص کرتا ہے جبکہ دلہن والوں نے شادی منسوخ کر دی۔