لاہور، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت ٹاکرے کے ٹکٹس ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوگئے، ہائی وولٹیج ٹاکرے کے ٹکٹس ایک گھنٹے کے اندر ہی بک گئے، ٹکٹ کی قیمت ساڑھے 9 ہزار سے لیکر ساڑھے 9 لاکھ روپے رکھی گئی تھی جبکہ پاک بھارت ٹاکرے23 فروری کو دبئی میں ہو گا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دبئی میں ہونیوالے پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹس ایک گھنٹے کے اندر ہی فروخت ہوگئے جبکہ سیمی فائنل کے ٹکٹوں کی خریداری بھی شائقین کی جانب سے شروع کردی گئی ہے، عام پویلین کے ٹکٹ کی قیمت 500 درہم مقرر کی گئی تھی، اس کے علاوہ مختلف پویلینز کی قیمت بالترتیب 1200، 1250، 2000، 2200، 2750 اور 5000 درہم مقرر کی گئی۔
علاوہ ازیں گرینڈ لاؤنج پیکجز (وی آئی پی) ٹکٹ 12500 درہم میں فروخت ہوا جس کی پاکستانی کرنسی میں قیمت تقریبا ساڑھے 9 لاکھ روپے کے قریب بنتی ہے، بھارت کے باقی دو گروپ میچز اور دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل کے ٹکٹس کی فروخت آج سے شروع ہوگی، پرستار اپنے ٹکٹس آن لائن خرید سکتے ہیں، جنرل اسٹینڈ کے ٹکٹس کی قیمت 125 درہم سے شروع ہوگی۔
مزید براں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی ٹکٹس کی فروخت کا لاہور میں آغاز ہوگیا، ٹکٹس خریدنے کے لیے نجی کورئیر سروس کے دفاتر میں لمبی قطاریں لگ گئیں، شائقین کی ہر نرخ کی ٹکٹس خریدنے میں بھرپور دلچسپی دکھائی دے رہی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، اور راولپنڈی میں کھیلے جانے والے 10 میچز کے ٹکٹوں کی فزیکل فروخت شروع ہوگئی، جو لوگ فزیکل ٹکٹس خریدنا چاہتے ہیں وہ ملک بھر کے 26 شہروں میں واقع 108 ٹی سی ایس مراکز سے حاصل کر سکتے ہیں۔
آئی سی سی کا بتانا ہے کہ دبئی میں پاک بھارت میچ سمیت بھارت کے باقی 2 گروپ میچز اور دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل کے ٹکٹس کی فروخت آج سے شروع ہوگی، پرستار اپنے ٹکٹس آن لائن خرید سکتے ہیں، جنرل اسٹینڈ کے ٹکٹس کی قیمت 125 درہم سے شروع ہوگی۔