متنازع بیانات کے باعث خبروں میں رہنے والے مفتی قوی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بھارتی اداکارہ راکھی ساونت سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا، مگر انہوں نے اس خواہش کو مشروط قرار دے دیا۔
دودی خان کی جانب سے شادی سے انکار کے بعد مفتی قوی نے بھی بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت سے شادی کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران مفتی قوی نے راکھی ساونت کے اسلام قبول کرنے کو سراہتے ہوئے انہیں ایک باعزت خاتون قرار دیا۔ شادی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک شرط پر راکھی سے نکاح کرنے کے لیے تیار ہیں— اگر ان کی والدہ اس کی اجازت دیں، کیونکہ ان کے مطابق شادی سے قبل والدہ کی اجازت لینا لازم ہے۔
مفتی قوی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک سمیت دیگر علمائے کرام کی تحقیق کے مطابق ہندو مذہب کی مقدس کتابیں الہامی ہیں، جس کے باعث راکھی ساونت اہلِ کتاب کے زمرے میں آتی ہیں اور ان سے نکاح ممکن ہے۔
اپنی پہلی شادی کا ذکر کرتے ہوئے مفتی قوی نے بتایا کہ ان کی اہلیہ ایک نامور خاندان سے تعلق رکھتی تھیں، جس طرح مولانا ابوالکلام آزاد، قائداعظم محمد علی جناح، گاندھی جی اور جواہر لعل نہرو نے بھی معروف خاندانوں میں شادیاں کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پہلی شادی اہلیہ کی ناگہانی وفات کے باعث اختتام کو پہنچی، اور وہ آج بھی انہیں عزت و احترام سے یاد کرتے ہیں۔
ابھی تک راکھی ساونت نے مفتی قوی کے اس بیان پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل دودی خان نے راکھی ساونت کو شادی کی پیشکش کی تھی، مگر بعد میں انہوں نے اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹتے ہوئے شادی سے انکار کر دیا۔ دودی خان کا کہنا تھا کہ راکھی نے اپنی زندگی میں کئی مشکلات جھیلی ہیں، اپنے والدین کو کھویا، اسلام قبول کیا اور عمرہ بھی ادا کیا، اسی لیے انہوں نے راکھی کو پروپوز کیا تھا۔ تاہم، بعد میں دباؤ اور ملنے والے پیغامات کے باعث انہوں نے اپنا فیصلہ بدل لیا۔
انہوں نے راکھی ساونت سے کہا، "آپ میری اچھی دوست رہیں گی، دودی خان کی دلہن نہ بن پائیں، مگر میں وعدہ کرتا ہوں کہ آپ پاکستان کی بہو ضرور بنیں گی۔ میں آپ کی شادی اپنے کسی بھائی سے کروا دوں گا۔”
بعدازاں، دودی خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں وضاحت کی کہ انہوں نے کوئی یوٹرن نہیں لیا اور نہ ہی وہ کسی دباؤ میں آئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی وہ راکھی ساونت سے ملاقات کریں گے، عوام کو اس حوالے سے مزید اپڈیٹ دیں گے۔