تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل اور سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو پر 9 مئی کے مقدمات میں فرد جرم عائد کردی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما زرتاج گل اور سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو پر 9 مئی کے واقعات سے متعلق درج مقدمات میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں پر پولیس وین جلانے، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ تاہم، زرتاج گل عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں، اور ان کے وکیل نے ان کی جانب سے حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔
یہ مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج کیا گیا تھا، جس میں 9 مئی کو پولیس وین کو نذر آتش کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات شامل ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف یہ قانونی کارروائی ملک بھر میں ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے بعد عمل میں آئی تھی۔
فرد جرم عائد ہونے کے بعد دونوں رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاری کے امکانات پر بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں، جبکہ عوامی اور سیاسی حلقوں میں اس معاملے پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔