کرکٹر عثمان خواجہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
کولمبو، آسٹریلیا کے مایہ ناز اوپنر عثمان خواجہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی مرتبہ ڈبل سنچری بنا ڈالی۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران عثمان خواجہ نے پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا، اس ڈبل سنچری کے ساتھ انہوں نے منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
عثمان خواجہ آسٹریلیا کے پہلے بیٹر ہیں جنہوں نے سری لنکا کی سرزمین پر ڈبل سنچری بنائی، آسٹریلوی کرکٹر نے یہ ڈبل سنچری 290 گیندیں کھیل کر بنائی، عثمان خواجہ 232 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ ان سے پہلے ایشیا میں آسٹریلیا کے مارک ٹیلر، گریگ چیپل، ڈین جونز، میتھیو ہیڈن اور جیسن گلیسپی ڈبل سنچری سکور کرچکے ہیں، وہ ایشیا میں ڈبل سنچری بنانیوالے آسٹریلیا کی جانب سے چھٹے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اوپنر عثمان خواجہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پیدا ہوئے، جب وہ 5 سال کا تھا تو اس کا خاندان نیو ساؤتھ ویلز ہجرت کر گیا، انھیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پہلے پاکستانی نژاد آسٹریلوی بن گئے جنھوں نے کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔