سرجانی ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر واحد بخش گبول گوٹھ میں چھاپہ مار کر ڈکیت گینگ کے 5 ڈاکوؤں کو مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔
کراچی، سرجانی ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر واحد بخش گبول گوٹھ میں چھاپہ مار کر ڈکیت گینگ کے 5 ڈاکوؤں کو مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 پستول، گولیاں، 6 چھینی گئی موٹر سائیکلیں، 15 موبائل فونز، اور نقدی برآمد ہوئی۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت انصار علی عرف سیکیورٹی گارڈ، محمد فیضان عرف شانی، راشد، غلام سرور، اور وسیم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز چوری و چھین کر نادرن بائی پاس کے قریب جمع کرتے اور انہیں بلوچستان منتقل کر کے فروخت کرتے تھے۔
مزید تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ برآمد شدہ 4 موٹر سائیکلیں شہر کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات سے تعلق رکھتی ہیں، جبکہ 2 موٹر سائیکلوں کے نمبر ٹیمپر کیے گئے تھے، جن کی چھان بین جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار گینگ کا نیٹ ورک کراچی سے بلوچستان تک سرگرم ہے اور فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔