پارلیمانی رپورٹر نے پیکا ایکٹ کے خلاف مولانا فضل الرحمان کے ذریعے صدر مملکت تک اپنی آواز پہنچادی، صدر نے صحافیوں کو اعتماد میں لینے تک بل پر دستخط روک دیے۔
اسلام آباد: متنازع پیکا ترمیمی بل کے خلاف صحافیوں کے احتجاج نے اثر دکھا دیا۔ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ذریعے صدر مملکت آصف علی زرداری سے رابطہ کیا اور بل پر اپنے تحفظات پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پارلیمانی رپورٹرز کے اعتراضات صدر مملکت تک پہنچائے، جس پر صدر مملکت نے بل پر فوری دستخط روکنے کا فیصلہ کیا۔ صدر نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کو اعتماد میں لینے تک اس بل پر دستخط نہیں کیے جائیں گے۔
مزید یہ کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور صحافی تنظیموں کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے تاکہ پیکا ایکٹ سے متعلق معاملات پر بات چیت کی جا سکے۔
واضح رہے کہ پارلیمانی رپورٹرز نے کل مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی تھی کہ وہ صحافی برادری کے تحفظات صدر مملکت تک پہنچائیں۔ صحافی برادری پیکا ایکٹ کو آزادی صحافت کے خلاف ایک قدم قرار دے رہی ہے۔