بھارتی کرکٹر محمد شامی نے ثانیہ مرزا کے ساتھ تعلقات اور شادی سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
نئی دہلی: بھارتی کرکٹر محمد شامی نے ثانیہ مرزا کے ساتھ تعلقات اور شادی سے متعلق افواہوں پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران شامی نے ان خبروں اور اے آئی تصاویر کے بارے میں وضاحت دی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
شامی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ان کی اور ثانیہ مرزا کی جعلی تصاویر شیئر کی گئیں اور جھوٹی کہانیاں پھیلائی گئیں تاکہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اداروں نے ان تصاویر کی تصدیق کیے بغیر انہیں رپورٹ کیا، جس سے ان کی شخصیت اور عزت پر گہرا اثر پڑا۔
انہوں نے اے آئی کے ذریعے جعلی مواد بنانے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ لوگ نہ صرف ان کے بلکہ ان تمام افراد کے دشمن ہیں جنہیں بدنام کرنے کے لیے ایسی حرکتیں کی جاتی ہیں۔
یہ افواہیں اس وقت شدت اختیار کر گئیں جب شامی کی سابق اہلیہ حسینہ جہاں نے بھی شامی اور ثانیہ مرزا کے تعلقات کا دعویٰ کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ثانیہ مرزا کی شعیب ملک سے علیحدگی اور شامی کی حسینہ جہاں سے طلاق ایک ہی ماہ میں ہوئی، جس کی وجہ سے ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا ملی۔
محمد شامی نے زور دے کر کہا کہ ایسی افواہیں ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی پر اثر ڈالتی ہیں اور لوگوں کو ایسی باتوں کو پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔