معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ سلینا گومز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم تارکینِ وطن کو امریکا سے ملک بدر کرنے کے فیصلے پر رو پڑیں۔
معروف گلوکارہ اور اداکارہ سلینا گومز نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
سلینا نے انسٹاگرام اسٹوری میں ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں وہ اپنے میکسیکن پس منظر کے لوگوں کو دربدر دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے ویڈیو کے ساتھ میکسیکن پرچم کا ایموجی اور ’مجھے افسوس ہے‘ لکھا۔ ویڈیو میں سلینا نے بچوں اور خواتین پر ہونے والے حملوں پر بے بسی ظاہر کرتے ہوئے کہا، "میں کچھ نہیں کر پا رہی، لیکن اپنی پوری کوشش کروں گی۔”
یہ ویڈیو بعد میں ڈیلیٹ کر دی گئی، مگر وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر میں موضوعِ بحث بن گئی۔ بعدازاں، سلینا نے ایک اور پیغام میں تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا، "شاید دوسروں کے لیے ہمدردی ظاہر کرنا غلط سمجھا جاتا ہے۔”
View this post on Instagram
یاد رہے کہ سلینا گومز امیگریشن حقوق کی ہمیشہ سے حمایت کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے 2019 میں نیٹ فلکس کی ڈاکیوسیریز Living Undocumented پروڈیوس کی تھی، جس میں اپنے خاندان کی امیگریشن کہانی بیان کی، اور امریکی امیگریشن قوانین کے اثرات کو اجاگر کیا تھا۔
سلینا کی اس جذباتی پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں نے انہیں بھرپور سپورٹ فراہم کی اور ان کی ہمدردی کو سراہا۔