دن بھر کی تھکاوٹ کے بعد ہمیں جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت محسوس ہوتی ہے وہ ہے پرسکون اور گہری نیند، نیند کے لیے صرف سونے کے گھنٹے نہیں سونے کا طریقہ بھی اہم ہوتا ہے۔
دن بھر کی تھکاوٹ کے بعد پرسکون اور گہری نیند نہ صرف ذہنی سکون بلکہ جسمانی صحت کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔ ماہرین صحت اس بات پر زور دیتے ہیں کہ نیند کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نہ صرف سونے کے گھنٹوں بلکہ ارد گرد کے ماحول اور سونے کے طریقوں پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔
اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ، اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز ہماری زندگی کا حصہ بن چکے ہیں، لیکن سوتے وقت ان کا قریب ہونا نیند پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ یہ آلات نیلی روشنی اور برقی مقناطیسی لہریں خارج کرتے ہیں، جو دماغ کو متحرک رکھتے ہیں اور نیند میں خلل ڈال سکتے ہیں۔
بستر پر کام سے متعلق اشیا جیسے فائلز یا لیپ ٹاپ رکھنے سے ذہن کام کی طرف مائل رہتا ہے، جس سے ذہنی تناؤ بڑھ سکتا ہے۔ پرسکون نیند کے لیے یہ ضروری ہے کہ کام کی تمام اشیا کو سونے کے کمرے سے باہر رکھا جائے۔
اچھی نیند کے لیے کمرے اور بستر کا صاف ستھرا ہونا اہم ہے۔ سونے سے پہلے بکھری ہوئی چیزوں کو سمیٹ لیں اور بستر کو صاف کر کے آرام دہ بنائیں۔
بچوں کے ساتھ ساتھ کچھ بڑے بھی کھلونوں کے ساتھ سونے کے عادی ہوتے ہیں، لیکن یہ کھلونے وقت کے ساتھ دھول اور جراثیم کا گھر بن جاتے ہیں، جو صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔ اگر کھلونے ضروری ہوں تو انہیں باقاعدگی سے صاف کریں۔
پرسکون نیند کے لیے الیکٹرانک آلات کو دور رکھنا، کام کو کمرے سے باہر رکھنا، ارد گرد صفائی کا خیال رکھنا، اور نرم کھلونوں کی صفائی کا خاص دھیان دینا ضروری ہے۔ یہ عادات اپنانے سے آپ نہ صرف گہری نیند لے سکیں گے بلکہ اپنی صحت کو بھی بہتر بنا سکیں گے۔