لاہور کے علاقے شیراکوٹ میں ملزم نے معمولی تلخ کلامی پر پولیس انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو قتل کر دیا گیا۔
شیراکوٹ کے علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں معمولی تلخ کلامی پر دکاندار عدیل نے پولیس انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب انسپکٹر سیف اللہ نیازی، جو چیک پوسٹ بابو صابو کے انچارج تھے، اور ملزم عدیل کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ طیش میں آ کر ملزم نے فائرنگ کر دی، جس سے انسپکٹر موقع پر شدید زخمی ہوگئے اور جانبر نہ ہو سکے۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق، فائرنگ کی آواز سنتے ہی ڈولفن ٹیم 102 نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ملزم کی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنائی اور اسے گرفتار کر کے شیراکوٹ پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران جائے وقوعہ پر پہنچے اور ابتدائی معلومات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ معمولی تلخ کلامی کا نتیجہ ہے، تاہم تمام شواہد اکٹھے کر کے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا:
"انسپکٹر سیف اللہ قانون کی پاسداری کے دوران اپنی جان قربان کر گئے۔ لاہور پولیس ان کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور مقدمے کی مکمل پیروی کرے گی۔”
ڈی آئی جی نے اس موقع پر کہا کہ لاہور پولیس اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران ہمیشہ جان ہتھیلی پر رکھ کر کام کرتی ہے، اور شہیدوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
سیف اللہ نیازی بابو صابو چیک پوسٹ کے انچارج تھے اور دس سال سے اسی علاقے میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی شہادت نے پولیس فورس اور عوام کو غمزدہ کر دیا ہے۔