غزہ، 15 ماہ کی قتل و غارت کے بعد غزہ میں جنگ بندی ہوگئی۔
فلسطینی سیاسی اور عسکری تحریک حماس کی جانب سے 3 اسرائیلی یرغمالی خواتین کو رہا کر دیا گیا جبکہ اسرائیل کی طرف سے 90 فلسطینی قیدیوں کو بھی آزادی مل گئی۔
غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے کہ حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت اتوار کو پہلے 3 اسرائیلی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔
اسکے بعد اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت مختلف جیلوں سے 90 فلسطینیوں کو رہا کیا گیا، جن میں 69 خواتین اور 21 بچے شامل تھے، رہا ہونیوالے فلسطینیوں کو اسرائیلی حکام کی جانب سے ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا، رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کا مغربی کنارے پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا۔
غیر ملکی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیل سے رہا ہونے والے فلسطینی قیدی 2 بسوں کے ذریعے مغربی کنارے کے شہر بیتونیہ پہنچے۔
اسرائیلی قید سے رہا ہونے والی ایک طالبہ نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ حراست کے دوران حالات خوفناک تھے، اسے خوراک اور پانی تک محدود رسائی حاصل تھی۔