مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت مدت پوری کرے گی یا نہیں، اس کا علم نہیں، بس دعا کریں۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق سید خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے نہیں ہٹانا چاہیے تھا، پیپلزپارٹی کی حکومت مدت پوری کرتی تو آج عمران خان کی 4 سیٹیں بھی نہ ہوتیں۔
سید خورشید شاہ نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع حالات کی ضرورت تھی، پارلیمنٹ تکلیف دہ فیصلے بھی کرتی ہے، یہی پارلیمنٹ کی بالادستی ہے۔
سینئر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت مدت پوری کرے گی یا نہیں، اس کا علم نہیں، دعا کریں۔
سابق اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے وزرا اور ایم این ایز پنجاب حکومت سے بہت پریشان ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے ارکان اسمبلی اور وزرا سے ملنے کے لیے تیار نہیں، مجھے وزرا نے بتایا کہ ہم آج تک وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات نہیں کرسکے۔
دوسری جانب چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ ملک کسی کی جاگیر نہیں، ملک بناتے وقت اسلام کے نام پر لوگوں نے قربانیاں دیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ یہ ہمارا ملک ہے اور اس میں امن چاہتے ہیں، ہم آج تک آپ سے نرم لہجے اور دلیل سے بات کرتے ہیں۔