الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کرانے پر قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کے 139 ارکین کو معطل کردیا۔
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سالانہ مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر سینیٹ، قومی اسمبلی، اور صوبائی اسمبلیوں کے 139 اراکین کی رکنیت معطل کر دی ہے۔ ای سی پی کے مطابق سینیٹ کے 2، قومی اسمبلی کے 16، پنجاب اسمبلی کے 68، سندھ اسمبلی کے 15، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 33، اور بلوچستان اسمبلی کے 5 اراکین شامل ہیں۔
معطل ہونے والے قومی اسمبلی کے اراکین میں میاں محمد اظہر، طارق بشیر چیمہ، اختر مینگل، محبوب سلطان، علی قاسم گیلانی، طاہر اقبال، اور فرخ الطاف شامل ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے 68 اراکین میں صاحبزادہ غزین عباسی، فرحت عباس، اور جاوید کوثر نمایاں ہیں۔
سندھ اسمبلی کے معطل اراکین میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن سمیت 15 اراکین شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی سے فضل الٰہی، عدنان قادری، اور مینا خان سمیت 33 اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے، جبکہ بلوچستان اسمبلی کے 5 اراکین بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، مالی گوشوارے جمع نہ کرانے کی وجہ سے ان اراکین کو قانون سازی اور اسمبلی اجلاسوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکرز کو معطل اراکین کے بارے میں باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔