پشاور، ضلع کُرم کے لیے ٹل کینٹ سے جانیوالے امدادی قافلے پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ضلع کرم کے علاقے بگن جانے والے قافلے پر راکٹ حملہ کیا گیا جس سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، قافلے میں شامل گاڑیاں واپس ٹل روانہ ہوگئی ہیں۔
اس سے پہلے کرم کے لیے تیسرے قافلے کے پہلے مرحلے میں 35 مال بردار گاڑیاں روانہ کی گئی تھیں جن میں دوائیں، سبزیاں، پھل اور کھانے پینے کی دیگر چیزیں شامل تھیں جبکہ قافلے کی سکیورٹی کے لیے پولیس، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی۔
دوسری جانب کرم سے مریضوں کی منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹر سروس 10 روز سے بند ہے اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈاکٹر میر حسین جان نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران بتایا کہ دوائیں لانے اور مریضوں کی منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر سروس 10 روز سے بند ہے، ہیلی کاپٹر سروس کے لیے ضلعی انتظامیہ کو لیٹر بھیجا ہوا ہے۔
ایم ایس کے مطابق ضلعی انتظامیہ سے 74 مریضوں کی منتقلی کی درخواست کی ہے کیونکہ موجودہ حالات میں سڑک سے مریضوں کو منتقل کرنے کے آثار نہیں لگتے۔
اس متعلق وزیر مذہبی امور خیبرپختونخوا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ضلع کُرم کے لیے ہیلی کاپٹر سروس بدستور جاری ہے۔